واشنگٹن،6جنوری(ایجنسی) امریکا نے القاعدہ کے بانی مقتول اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کو بھی امریکا اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2011ء میں پاکستان میں ایک مبینہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن امریکا اور عالمی امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ اسی خطرے کے پیش نظر انہیں بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بھی
مالی اور قانونی پابندیوں کا سامنا کیا جاسکے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حمزہ بن لادن امریکی شہریوں اور امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
اسامہ بن لادن کے جانشین ایمن الزواہری نے 2014ء میں حمزہ بن لادن کو القاعدہ کا رکن قرار دیا تھا۔ گذشتہ برس اگست میں القاعدہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حمزہ بن لادن اس کا اہم رکن ہے۔